Barish Barsi to phir muj ko pal wo guzara yad aya by sumeira saleem kajal

0


بارِش بَرسی تو پھِر مُجھ کو پَل وُہ گُزرا یاد آیا
کِھلتے پھُولوں کو دیکھا تو تیرا جَلوہ یاد آیا

چاند کے پہلو مِیں بیٹھی تھی چاند زمیں پَر اُترا تھا
چاند کی کرنیں چھیڑ رہی تھیں لَمحہ لَمحہ یاد آیا

ہاتھوں مِیں تھا ہاتھ اُسی کے جس کا ساتھ نہیں بھُولی
خوشبو جِس کو لکھتی تھی بَس وُہ اِک قِصّہ یاد آیا

اُس کے پیار کی حِدّت کو محسوس کیا مَدہوشی مِیں
دُھوپ سُنہری دیکھی جَب بھی رُوپ سُنہرا یاد آیا

اُس کی باتیں خوشبو جیسی اور الفاظ بَرستے پھُول
بُوندیں بَرسیں ساون کی تو "پیار مِیں اندھا" یاد آیا

شام حویلی مِیں بَرسا تھا گہرا بادَل دونوں پَر
شَب بھر پیار کا دامَن تھامے بھیگے رہنا یاد آیا

کاجؔل مَست ہُلارے لے کر یاد کی تِتلی اُڑتی یے
ڈُوب گئی تھی یاد مِیں اُس کی مُجھ کو ایسا یاد آیا

سمیرا سلیم کاجؔل
اسلام آباد

Post a Comment

0Comments
Post a Comment (0)